مکہ مکرمہ
رابطہ عالم اسلامی نے اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے فلسطینی عوام کے خلاف جاری ہولناک قتل عام اور غزہ کے جنوبی علاقے خان یونس میں واقع خیمہ بستی مواصی میں بے گھر فلسطینیوں کے خیموں کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی ہے، جس کے نتیجے میں 40 سے زیادہ افراد شہید اور متعدد زخمی ہو گئے، جن میں اکثریت بچوں اور خواتین کی ہے۔
رابطہ کے جنرل سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں، سیکرٹری جنرل رابطہ اور چیئرمین مسلم علماء کونسل، عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی نے اسرائیلی حکومت کے ان مسلسل اقدامات کی مذمت کی، جو کہ تمام بین الاقوامی اور انسانی قوانین اور اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ یہ مظالم پوری دنیا کے سامنے جاری ہیں، اور فلسطینی عوام کو درپیش یہ انسانی المیہ دن بدن بڑھتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی منطق یا دلیل ان وحشیانہ حملوں اور اس خطرناک انسانی بحران کا جواز پیش نہیں کر سکتی، سوائے اس کے کہ یہ مظالم چیلنج، تکبر اور بے گناہ انسانوں کے خلاف انتقام کی آگ کا نتیجہ ہیں، جو فلسطینی مسئلے اور خطے میں امن کو مزید پیچھے دھکیل رہے ہیں۔
ڈاکٹر العیسی نے عالمی برادری سے فوری مداخلت کی اپیل کی تاکہ اس جاری قتل عام کو روکا جا سکے، اور فلسطینی عوام کو درپیش اس انسانی بحران کو ختم کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جا سکیں۔
Tuesday, 10 September 2024 - 16:03