رابطہ_عالم_اسلامی کی جانب سے جاری بیان:

مکہ مکرمہ:

رابطہ عالم اسلامی نے اسرائیلی قابض حکومت کے ایک وزیر کے اس بیان کی شدید مذمت کی ہے جس میں  انہوں نے مسجد اقصیٰ میں ایک یہودی معبد تعمیر کرنے كا مطالبہ کیا ہے۔

رابطہ کے جنرل سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں، سیکرٹری جنرل رابطہ اور چیئرمین مسلم علماء کونسل، عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی نے ان  اشتعال انگیز بیانات کی مذمت کی، جو اسرائیلی قابض حکومت کی اسلامی مقدسات پر مسلسل جارحیت کے تناظر میں دیے گئے ہیں۔

ڈاکٹر محمد العیسی نے خبردار کیا کہ قابض حکومت کا اسلامی مقدسات کی بے حرمتی، بین الاقوامی اور انسانی قوانین و روایات کی خلاف ورزی، اور مسجد اقصیٰ کی تاریخی و قانونی حیثیت کو چیلنج کرنا، دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو بھڑکانے کے مترادف ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری کو ان انسانی اور قانونی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے فوری اقدام کرنا چاہیے اور معصوم شہریوں کے خلاف قابض حکومت کے مسلسل جاری منظم جرائم کا سدباب کرنا چاہیے۔

Tuesday, 27 August 2024 - 12:44