رابطہ عالم اسلامی نے مملکت سعودی عرب کی ہیئۃ کبار العلماء کی طرف سے جاری کردہ اس شرعی بیان کو سراہا ہے جس میں شرعہ ادلہ کی روشنی میں بغیر اجازت نامہ حج پر جانے کے ناجائز ہونے اور ایسا کرنے والے شخص کے گنہگار ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
رابطہ کے جنرل سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں سیکرٹری جنرل رابطہ اور چیئرمین مسلم علماء کونسل عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی نے اس بات پر زور دیا ہے کہ یہ جامع بیان ان انفرادی رویوں کے حل کے لئے ایک شرعی بنیاد قائم کرتاہے جو بدقسمتی سے قواعد کی پابندی کرنے والے حجاج کرام کے لئے باعث نقصان اور انتظامی اداروں پر اضافی بوجھ بنتے ہیں جو حجاج کرام کی خدمت اور انہیں بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لارہے ہیں۔
ڈاکٹر العیسی نے ہیئۃ کبار العلماء کے بیان کے مندرجات کی اہمیت کو محسوس کرتے ہوئے حج کے طریقۂ کار پر عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے جو حجاج کرام کے بہترین مفاد، حج کے دوران ان کی حفاظت اورمشاعر مقدسہ کی گنجائش کو مد نظر رکھتے ہوئے عازمین حج کے درمیان برابری کی سطح پر حج کا موقع فراہم کرنے کے لئے مرتب کیا گیا ہے ۔
انہوں نے رابطہ کی عالمی اکیڈمیز، ادارہ جات اور کونسلز کی جانب سے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز آل سعود اور ان کے ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبد العزیز- حفظہما اللہ- کی قیادت میں مملکت سعودی عرب کی حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے جو حرمین شریفین اور ان کے زائرین کی خدمت کے اعزاز کے تناظر میں حجاج کرام کی خدمت کےلئے تمام تر سہولیات میسر کررہی ہے تاکہ وہ آسانی اور سہولت کے ساتھ مناسک حج ادا کرسکیں۔
Wednesday, 1 May 2024 - 12:25