غزہ میں ہسپتال کو نشانہ بنانے کی مذمت

بيان

مکہ مکرمہ:

رابطہ عالم اسلامی  نے غزہ  میں اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے ایک ہسپتال کو نشانہ بنانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں  انسانی جانوں کا  بھاری نقصان ہوا ہے۔

رابطہ کے جنرل سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں  سیکرٹری جنرل اور چیئرمین مسلم علماء کونسل عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی نے  اس وحشیانہ حملے کی مذمت کی ہے جس کے مرتکب   تمام مذہبی اور انسانی اقدار  سے عاری ہیں۔انہوں نے   عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ شہریوں کے قتل عام کو روکنے کے لئے اپنی ذمہ داریاں  پوری کرے  جو تمام بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی خلاف ورزی ہے ۔

ڈاکٹر العیسی نے رابطہ عالم اسلامی ،اس کی عالمی اکیڈمیز،ادارہ جات اور کونسلز کی جانب اس عظیم سانحے  اور اہل غزہ کے خلاف گھناؤنے جرائم کے خلاف  فلطسین اور اس کی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہارکیا۔آپ  نے اس موقع پر جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کے اہل خانہ  سے  دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے دعا کی ہے  کہ اللہ تعالی مرحومین کو اپنی جوارِ رحمت میں جگہ عطافرمائے ،  انہیں  جنت میں اعلی مقام عطافرمائے، ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطافرمائے  اور زخمیوں کو جلد صحت یاب فرمائے۔

Wednesday, 18 October 2023 - 05:53