رابطہ عالم اسلامی کی جانب سے جاری بیان:

بیان

مکہ مکرمہ:
رابطہ عالم اسلامی نے سعودی عرب اور امریکہ کی جانب سے مملکت سعودی عرب کے شہر جدہ میں    سوڈانی مسلح  افواج اور پیرا ملٹری فورسز کے نمائندوں  کے درمیان  قلیل مدتی جنگ بندی  اور  امدادی انتظامات کے معاہدے پر دستخط  کرنے کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔
رابطہ کے جنرل سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں سیکرٹری جنرل اور چیئرمین مسلم علماء کونسل عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی نے مسلح تنازعے کے فریقین کے درمیان مذاکرات میں اہم پیش رفت کو سراہا ۔معاہدے  میں جنگ سے متاثرہ علاقوں میں انسانی امداد کی  فراہمی اورتقسیم،بنیادی خدمات کی بحالی اورہسپتالوں اور بنیادی عوامی سہولیات کے مراکز سے افواج کے انخلا پر اتفاق کیا گیا ۔یہ معاہدہ گزشتہ معاہدوں سے  اس  طور پر منفرد ہے کہ مملکت سعودی عرب اور امریکہ  کی حمایت سے   ان مذاکرات کی  بین الاقوامی حمایت یافتہ جنگ بندی کے طریقہ کار کے ذریعے  نگرانی  ممکن ہوگی۔
ڈاکٹر العیسی نے  تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ معاہدے میں شامل اپنی ذمہ داریوں کو مکمل طور پر اداکریں  تاکہ عوام کو ریلیف  کی فراہمی ممکن ہوسکے جس کی عوام کو اشد ضرورت ہے۔آپ نے  امید ظاہر کی کہ اس معاہدے سے ایک جامع اور مستقل جنگ بندی کی راہ ہموار ہوگی  اور سوڈان اور اس  کی عزیز عوام کو درپیش    تکالیف کا حتمی  حل تلاش کیاجائے۔
ڈاکٹر العیسی نے اس خطرناک صورتحال میں سوڈانی عوام کےساتھ کھڑے ہونے،متحارب فریقوں کے درمیان  بات چیت میں سہولت کاری اور ایک جامع  اور پُر امن حل تک  پہنچنے کے لئے تمام رکاوٹوں  کو دور کرنے   کے لئے مملکت سعودی عرب کی عظیم کاوشوں اور کردار کی تعریف کی، جس سے سوڈان کی سلامتی،یکجہتی اور علاقائی سالمیت کا تحفظ ہوگا  اور سیاسی اور معاشی استحکام میں عوامی امنگوں  کو پورا کرنے میں  معاونت ہوگی   ۔

Monday, 22 May 2023 - 14:03