رابطہ عالم اسلامی نے عرب جمہوریہ شام کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی فضائی حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
مکہ مکرمہ
رابطہ عالم اسلامی نے عرب جمہوریہ شام کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی فضائی حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ رابطہ کے جنرل سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں، سیکرٹری جنرل رابطہ اور چیئرمین مسلم علماء کونسل، عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی نے اسرائیل کے اس وحشیانہ طرزِ عمل کی سخت الفاظ میں مذمت کی، جو بین الاقوامی قوانین اور روایات کی کھلی خلاف ورزی اور شام و خطے کے امن و استحکام کو دانستہ طور پر متزلزل کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ان سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف فوری اور مؤثر اقدامات کرے ۔ ڈاکٹر العیسی نے شام اور اس کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہر اس سازش اور اقدام کے خلاف شامی قوم کے ساتھ کھڑے ہیں، جو ان کے امن، استحکام، ملکی خودمختاری اور جغرافیائی وحدت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے۔