انڈونیشیا کے صدر سوبيانتو کی جانب سے ڈاکٹر العیسی کو نیک تمناؤں کا پیغام اور انڈونیشیا کے دورے کی دعوت:
جمہوریہ انڈونیشیا کے حکمران جماعت کے سیکرٹری اور مجلس شوریٰ کے صدر، محترم احمد مزانی، نے مکہ مکرمہ میں رابطہ عالم اسلامی کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا۔ وہ پارلیمنٹ کے اراکین پر مشتمل ایک وفد کی قیادت کر رہے تھے۔ سیکرٹری جنرل رابطہ اور چیئرمین مسلم علماء کونسل، عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد العیسی
نے ان کا استقبال کیا۔
جناب احمد مزانی نے انڈونیشیا کے صدر محترم، جناب سوبيانتو، کا پیغام اور ان کی جانب سے رابطہ عالم اسلامی کے عالمی اقدامات پر شکریہ اور ستائش کا اظہار کیا۔
جناب احمد مزانی نے رابطہ عالم اسلامی کی بین الاقوامی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ رابطہ نے مشرق ومغرب میں اپنی ملاقاتوں، اقدامات، اور اثر و رسوخ کے ذریعے اسلام کی اعتدال پسند اور جامع تعلیمات کو مؤثر انداز میں پہنچانے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رابطہ نے اپنے وسیع اسلامی شعور کے ساتھ مختلف مذاہب، ثقافتوں، اور نسلوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط کیا ہے، جو اسلامی اقدار کی اصل روح کی نمائندگی کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ: اس کے نتیجے میں دنیا میں اسلامی موقف اور نقطۂ نظر کو قبولیت مل رہی ہے جوکہ ہماری خواہش ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رابطہ نے اسلامی اقدار کے حقیقی پیغام کو عام کیا اور ان جھوٹے الزامات اور پروپیگنڈے کا مضبوطی سے مقابلہ کیا، جو اسلام کی عظیم تعلیمات کو مسخ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
اس موقع پر سیکرٹری جنرل رابطہ اور چیئرمین مسلم علماء کونسل نے انڈونیشیا کی مذہبی اور نسلی تنوع کے ساتھ پرامن بقائے باہمی کے کامیاب ماڈل کی تعریف کی اور کہا کہ یہ اس کے قومی اور دینی شعور کا مظہر ہے۔
انہوں نے انڈونیشیا کے صدر، حکومت اور عوام کے رابطہ عالم اسلامی کے لیے جذبات کو سراہتے ہوئے رابطہ کو مملکت سعودی عرب کی عالم اسلام کو پیش کردہ ایک عظیم تحفہ قرار دیا۔
ڈاکٹر العیسی نے کہا کہ علماء امت، رابطہ کی مجالس اور اس کی تنظیموں کی جانب سے انڈونیشیا کے صدر کی قیادت میں ملک کی قومی، اسلامی اور بین الاقوامی سطح پر مزید نمایاں کامیابیوں کی امید کرتے ہیں،خاص طور پر تنوع کے احترام اور مثبت روابط کے فروغ میں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ رویہ ایسے ممالک کے لیے ایک قیمتی سماجی اثاثہ ہے جو مذہبی، نسلی اور ثقافتی تنوع پر مشتمل ہیں۔