مکہ مکرمہ
رابطہ عالم اسلامی نے اسرائیلی کنیسٹ کی جانب سے فلسطینی مقبوضہ علاقوں میں اقوام متحدہ کی ریلیف ایجنسی (اونروا) کی سرگرمیوں پر پابندی عائد کرنے کے قانون کی منظوری کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ یہ اقدام اسرائیلی حکومت کی جانب سے اقوام متحدہ کے اداروں اور امدادی تنظیموں کے خلاف سیاسی اور عسکری طور پر منظم خلاف ورزیوں کا تسلسل ہے، جو فلسطینی عوام کے حقوق سے متعلق اقوام متحدہ کے فیصلوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔
رابطہ کے سیکرٹریٹ جنرل کی جانب سے جاری بیان میں، سیکرٹری جنرل رابطہ اور چیئرمین مسلم علماء کونسل، عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی نے فلسطینی پناہ گزینوں کی امداد کے حوالے سے اونروا کے انسانی مشن کی حمایت اور یکجہتی کا اعادہ کیا۔انہوں نے خبردار کیا کہ اسرائیل کی ان مسلسل خلاف ورزیوں سے نہ صرف عالمی اور انسانی قوانین پامال ہورہے ہیں بلکہ یہ اقدامات فلسطینی علاقوں میں جاری انسانی بحران کے خاتمے اور منصفانہ و جامع امن کے قیام کی تمام کوششوں کو بھی نقصان پہنچارہی ہیں۔
Tuesday, 29 October 2024 - 22:55