مکہ مکرمہ:
رابطہ عالم اسلامی نے اسرائیلی حکومت کے ”فلاڈیلفیا محور“ کے حوالے سے بیانات اور اس کی مسلسل بین الاقوامی قوانین اور روایات کی خلاف ورزیوں کو جواز فراہم کرنے کی لاحاصل کوششوں کی شدید مذمت کی ہے۔
رابطہ کے جنرل سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں، سیکرٹری جنرل رابطہ اور چیئرمین مسلم علماء کونسل، عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ نے اسرائیلی قابض حکومت کی سنگین اور مسلسل خلاف ورزیوں کی مذمت کی، جو بین الاقوامی قوانین اور روایات کی کھلم کھلا خلاف ورزی اور جنگ بندی کی کوششوں کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہیں۔ انہوں نے اس تناظر میں، جمہوریہ مصر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے، جو کہ اسرائیلی دعوؤں کا سامنا کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رابطہ کی جانب سے عالمی برادری سے یہ پرزور اپیل کی جاتی ہے کہ وہ اس انسانی بحران کو ختم کرنے کے لیے سنجیدہ اور مخلص موقف اپنائے، جو فلسطینی عوام کو فلسطینی علاقوں میں درپیش ہے، اور اس وحشیانہ مسلسل جارحیت کو روکنے کے لیے موثر اور عملی اقدامات کرے۔
Wednesday, 4 September 2024 - 08:35