سوڈان میں فریقین کے درمیان مذاکرات کی بحالی کا خیر مقدم
مکہ مکرمہ:
رابطہ عالم اسلامی نے جدہ میں سوڈانی مسلح افواج اور پیرا ملٹری فورسز کے وفود کے نمائندوں کے درمیان مذاکرات کی بحالی کا خیر مقدم کیا ہے ۔مذاکرات میں افریقی یونین اور اور حکومتی اتھارٹی برائے ترقی (IGAD) کے اشتراک سے مملکت سعودی عرب اور امریکہ سہولت فراہم کررہے ہیں ۔
رابطہ کے جنرل سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں سیکرٹری جنرل رابطہ اور چیئرمین مسلم علماء کونسل عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی نے سوڈان کے مشکل حالات کے تناظر میں ان مذاکرات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ فریقین دانشمندی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔مذاکرات کی راہ پر گامزن رہتے ہوئے بات چیت کو سنجیدگی اور مؤثر طریقے سے آگے بڑھائیں تاکہ سوڈان اور اس کی عوام کو اس تکلیف دہ بحران سے نکالنے کا حتمی حل تلاش کیا جاسکے۔
ڈاکٹر العیسی نے اس خطرناک صورت حال میں سوڈانی عوام کی حمایت، تشدد کے خاتمے اور بھائیوں کے درمیان خونریزی کو روکنے کے لئے رابطوں میں تیزی، سوڈانی عوام کی تکالیف کو کم کرنے اور سوڈان میں استحکام اور اس کی عوامی امنگوں کی تکمیل کے لئے جامع حل کے حصول کے لئے مملکت کی طرف سے کی جانے والی عظیم کاوشوں کو سراہا۔
Friday, 27 October 2023 - 06:20