مکہ مکرمہ:
رابطہ عالم اسلامی نے دی ہیگ میں متعدد سفارت خانوں کے سامنے انتہاپسندوں کی جانب سے قرآن کریم کے نسخے پھاڑنے کے واقعات کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے جو مسلمانوں کے جذبات بھڑکانے کی کوششوں کا تسلسل ہے۔
رابطہ عالم اسلامی کی جانب سے جاری بیان میں سیکرٹری جنرل رابطہ اور چیئرمین مسلم علماء کونسل عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی نے اس گھناؤنے اور وحشیانہ عمل کی مذمت کی ہے جو تمام مذہبی اور انسانی اقدار اور اصولوں کی خلاف وزری کے ساتھ ساتھ عالمی برادری کی اقدار کی بھی خلاف ورزی ہے جنہوں نے ان اقدامات کے خطرات سے خبردار کرتے ہوئے ان اقدامات اور اسلاموفوبیا کے تمام مظاہر کو مسترد کردیا ہے۔
ڈاکٹر العیسی نے نفرت کو ہوا دینے اور مذہبی جذبات کو بھڑکانے کے خطرات کے خلاف انتباہ کی تجدید کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ ان گھناؤنے جرائم کی روک تھام کے لئے مؤثر اقدامات کئے جائیں جو صرف انتہاپسندی کے ایجنڈے کی تکمیل کرتی ہیں ۔ ان اقدامات سے آزادی کے مہذب تصور کو بھی نقصان پہنچاہے اور اس غلط تصور کے ساتھ اسے تصادم اور مذہبی اور فکری تنازعات کو بھڑکانے والوں اور نفرت وعداوت کے علمبرداروں کے لئے پناہ گاہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے، خاص طور پر اقوام اور لوگوں کے درمیان۔ جبکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ اقوام کے درمیان دوستی اور تعاون کو بڑھانے کے لئے ہمیں ہر ممکن کوشش کرنی چاہئے جس کے لئے ہر ایک کو تنگ نظری کے بجائے وسیع افق کے ساتھ دیکھنے کی ضرورت ہے۔
Monday, 25 September 2023 - 08:23