منطقہء (ریجن) مدینہء منورہ کے گورنر بین الاقوامی میوزیم براۓ سیرت نبوی شریف کے نئے سیکشنز (حصوں) کا افتتاح کررہے ہیں۔
نئے سیکشنز نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے حجرۂ مبارکہ کے پینوراما پر مشتمل ہے جس میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور امھات المؤمنین کے حجروں، مسجد نبوی کے آس پاس واقع صحابۂ کرام رضی اللہ عنھم کے گھروں اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے منبر مبارک کے تکنیکی مجسمے ہیں۔
افتتاح کی تقریب میں اسلام اور مسلمانوں کی خدمت کے سلسلے میں مملکت سعودی عرب کی خدمات کے تعارف کے اولین اور اپنی نوعیت کے نمایاں ترین تکنیکی تخلیقی سیکشن کا افتتاح عمل میں آیا۔
مدینۂ منورہ:
مدینۂ منورہ ریجن کے گورنر، مدینہ منورہ کی ترقی (ڈیولیپمنٹ) کمیشن کے صدر ہز رائل ہائى نس شہزادہ فیصل بن سلمان بن عبدالعزیز، اور رابطۂ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل، ھیئۃ علماء المسلمین (مسلم علماء بورڈ) کے صدر نشین، اور سیرت نبوی کی بین الاقوامی نمائشگاہوں اور میوزیموں کی مجلس انتظامیہ کے صدر، عزت مآب فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے مدینۂ منورہ میں مسجد نبوی شریف سے متصل سیرت نبوی کے میوزیم کے صدر دفتر میں کئى وزراء علماء اور معزز حاضرین کی موجودگی میں بین الاقوامی میوزیم کے نئے سیکشنز (حصوں) کا افتتاح کیا۔
عزت مآب ڈاکٹر العیسی نے ہز ہائ نس شہزادہ فیصل ان کے ہمراہى وفد اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کے تعارف کے اس عظیم الشان اسلامی منصوبہ کے نئے حصوں کے افتتاح کے گرامی قدر حاضرین کو خوش آمدید کہا۔ یہ عظیم الشان کاوش جو سیرت مبارکہ کی بلند اقدار پر مشتمل تفاصیل کو اس کے صحیح مآخذ سے دنیا بھر کے تمام مسلم اور غیر مسلم افراد کے سامنے پیش کرنے، اور اس سے متعلق غلط تصورات کا مقابلہ کرنے کے مملکت سعودی عرب کے ویژن سے ہم آہنگ ہے،ان عظیم اقدار کو دائمی عمل کے ذریعے جو صرف وقتی واقعات کا مرہون منت نہ ہو زندہ مثالوں (گواہوں) کے ذريعے مجسم شکل میں پیش کرنا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی حقیقی نصرت وتائید ہے۔
ڈاکٹر عیسی نے رابطۂ عالم اسلامی کے عالمی اداروں بورڈز، اور اکیڈمیوں کی طرف سے پر زور انداز میں بیان کیا کہ رابطۂ عالم اسلامی، اس کے علمی اداروں، بورڈز اور اکیڈمیوں کے لیے باعث افتخار ہے وہ خصوصی دلچسپی، اعتماد اور سرپرستی جو اس تکمیل شدہ عظیم الشان اسلامی منصوبہ کو خادم الحرمین الشریفین، اور ان کے ولی عہد، حفظھما اللہ کی طرف سے حاصل ہے، اسی طرح مدینۂ منورہ ریجن کے گورنر، ہز ہائ نس شہزادہ فیصل بن سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے جو توجہ اور مسلسل دلچسپی اس منصوبہ کو حاصل ہے وہ بھی ہمارے لیے سرمایۂ افتخار ہے۔ اس لیے کہ مملکت سعودی عرب بجا طور پر اپنے عظیم قائدانہ استحقاق کے ساتھ اسلامی وزن کی نمائندگی کرتا ہے۔ بطور خاص حرمین شریفین کا گہوارہ ہونے اور خادم الحرمین الشریفین اور ان کے ولی عہد کی قیادت میں ان کی خدمت کی سعادت کی وجہ سے، اس بات کو مد نظر رکھتے ہوۓ کہ مملکت سعودی عرب اسلامی تاریخ کے اہم ترین ابواب کے دستاویزی مآخذ کا مرکز ومستقر ہے۔
مدینۂ منورہ کے گورنر اور ان کے ہمراہی وفد نے نمائشگاہ کے نئے حصوں کا دورہ کیا جو مندرجہ ذیل سیکشنز پر مشتمل ہے:
• نبوت ورسالت کی دلیلوں اور معجزات کا سیکشن، جو اسلامی تاریخ میں اپنی نوعیت کی اولین کاوش اور ضخیم ترین تخلیقی علمی انسائیکلوپیڈیا ہے اور پچیس ہزار سے زیادہ دلیلوں اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے معجزوں پر مشتمل ہے۔
• اسی طرح بتیس افراد كى گنجائش والا سینیما کا نیا سیکشن جو جدید ترین ٹیکنالوجیز اور معیار کے مطابق شو پیش کرتا ہے۔
• تخلیقی ٹیکنالوجی کا نیا سیکشن، انٹرایکٹیو عمیق کمرہ (Immersive room)۔
• یاد گار تحفوں کی دکان کا سیکشن، جس میں سیرت النبی سے متعلق دو سو سے زیادہ تخلیقی علمی کتابیں ہیں۔
• التحیات للہ عزوجل سیکشن۔
• اور انبیاء علیہم السلام گويا آپ انہیں ديكھ رہے ہيں سیکشن۔
اسی طرح ہز ہائى نس نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے حجروں، اور صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کے گھروں کے توصیفی پینوراما، مسجد نبوی شریف اور منبر شریف کے سیکشنز اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے حجروں کے انسائکلوپیڈیا جو سات تخلیقی علمی کتابوں پر مشتمل ہے کا افتتاح بهى کیا۔
افتتاح کی تقریب میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ان کے ولی عہد، وزیراعظم، ہزہائ نس شہزادہ محمد بن سلمان حفظھما اللہ کی قیادت میں مملکت سعودی عرب کی خدمات کے تعارف کے اولین اور اپنی نوعیت کے نمایاں ترین تکنیکی تخلیقی سیکشن کا افتتاح بهى عمل میں آیا۔ یہ سیکشن بڑی تفصیل اور گہرائى سے ان عظیم خدمات اور شاندار کارناموں کو پیش کرتا ہے جو مملکت سعودی عرب نے قرآن کریم، سنت مبارکہ، حرمین شریفین اور ضیوف الرحمان (مہمانان الہی) کی خدمات کے سلسلے میں انجام دی ہیں یا دے رہی ہیں۔ اسی طرح ان عالمی خدمات اور بین الاقوامی کارناموں کو بھی واضح کرتا ہے جو اسلام اور مسلمانوں کی خدمت اور اسلام کو اس کے شایان شان روشن ترین پیرایہ میں اجاگر کرنے کے کے سلسلے میں انجام دیے جارہے ہیں اس عظیم پیغام کی روشنی میں جو سارے جہانوں کے لیے رحمت بن کر آیا تھا۔