مکہ مکرمہ:
رابطہ عالم اسلامی نے سعودی عرب کی میزبانی میں منعقدہ ”امن وترقی کے لئے جدہ سربراہ اجلاس “ کے نتائج کا خیر مقدم کیا ہے جس میں خلیجی تعاون کونسل کے ممالک، اردن،مصر،عراق اور ریاستہائے متحدہ امریکہ نے شرکت کی۔
رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل اور چیئرمین مسلم علماء کونسل عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی نے سربراہ اجلاس کے نتائج کو سراہاہے جس میں خطے کے امن اور خوشحالی کے فروغ کے لئے شراکت داری پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے خطے کی سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے کے لئے ضروری اقدامات اور درپیش چیلنجز سے مشترکہ طو رپر نمٹنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے، جس میں سے خلیج عرب کو بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں سے پاک کرنا اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ باہمی احترام،خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام شامل ہے ۔ڈاکٹر العیسی نے کہاکہ خطے میں امن اورہم آہنگی کا حصول دنیا بھر میں امن اور ہم آہنگی کے استحکام کے لئے نہایت ضروری ہے ۔
رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل نے مسئلہ فلطسین سے متعلق مملکت سعودی عرب،خلیجی تعاون کونسل ،اردن، مصر اور عراق کے رہنماؤں کے پختہ اصول عزم کو سراہا۔آپ نے سربراہ اجلاس میں دو ریاستی حل پر مبنی منصفانہ،جامع اور پائیدار امن کے لئے بات چیت ، حل میں رکاوٹ ڈالنے والے تمام یکطرفہ اقدامات کو روکنے اور القدس اور اس کے مقدسات کی تاریخی حیثیت کے احترام کی ضرورت پر زور دینے کی تعریف کی۔
ڈاکٹر العیسی نے اجلاس میں شرکت کرنے والے قائدین کی جانب سے عزیز شامی عوام کی حمایت اور ان کے مسائل کے خاتمے کے لئے جدوجہد اور سربراہ اجلاس میں شامی پناہ گزین اور ان کے میزبان ممالک کی ضروری امداد کی اہمیت اور شام کےتمام علاقوں میں امداد کی رسائی کی ضرورت پر زور دینے کو بھی سراہاہے۔ آپ نے معاشی بحران کے شکار سوڈان میں اپنے بھائیوں کی حمایت پر زور، افغانستان تک انسانی ہمدری کے بنیاد پر رسائی اور تمام افغانی عوام کو ان کے بنیادی حقوق اور آزدی کے حصول کے لئے کوششیں جاری رکھنے اور انہیں تیز کرنے کی اہمیت پر زور اور اس کے ساتھ ساتھ لبنان، لیبیا اور یوکرائن میں سنگین انسانی حالات پیدا کرنے والے بحرانوں کے حل کے لئے تمام کوششوں کی حمایت کے لئے قائدین کے عزم کی بھی تعریف کی ۔
ڈاکٹر العیسی نے سربراہ اجلاس کے غیر معمولی اجلاس میں انسانیت پر اثر انداز ہونے والےماحولیاتی مسئلے پر ایک اہم مسئلے کے طور پر بحث اور قائدین کی جانب سے تعاون، علاقائی انضمام اور مشترکہ منصوبوں کے ذریعے ماحولیاتی چیلنجز سے اجتماعی طو رپر نمٹنے کے عزم کی بھی ستائش کی۔
عزت مآب شیخ العیسی نے کہاکہ دنیا کی اقوام نے قائدین کی جانب سے دہشت گردی، شدت پسندی ، تمام افراد اور جماعات کی جانب سے دہشت گرد گروہوں کی مالی معاونت، انہیں مسلح کرنے اور ان کے لئے بھرتیوں کو روکنے اور خطے کی سلامتی اور استحکام کو خطرے میں ڈالنے والی تمام سرگرمیوں سے نمٹنے کے عزم سے بہت امیدیں وابستہ کی ہیں۔اسی طرح خطے کے عوام کو بھی بے حد امید ہے کہ سربراہ اجلاس کے نتائج عمومی طور پر ان کو درپیش مسائل اور چیلنجز پر قابو پانے میں معاون ثابت ہوں گے۔
آخر میں ڈاکٹر العیسی نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبد العزیز حفظہما اللہ کی کوششوں اور دانشمندانہ قیادت کے ساتھ”امن وترقی کے لئے جدہ سربراہ اجلاس “ کی کامیابی کے موقع پر مملکت سعودی عرب کو مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہاکہ یہ عظیم کامیابی علاقائی اور بین الاقوامی میدانوں میں مملکت سعودی عرب کی حیثیت اور خطے اور دنیا میں امن وخوشحالی کے حصول میں اس کے نمایاں قائدانہ کردار کی تصدیق کرتی ہے۔