رابطہ عالم اسلامی چاڈ اور نائجیریا میں مسلح افواج پر دہشت گرد حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔

نائجیریا اور چاڈ میں دہشت گرد حملوں سے متعلق رابطہ عالم اسلامی کا بیان
ـــــــــــــــــــــــــــــــ
رابطہ عالم اسلامی نے جمہوریہ چاڈ  کے جزیرۂ بوما میں فوجیوں کے ایک قافلے پر   حملے کی شدید مذمت کی ہے جس میں درجنوں  فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔
اسی طرح  رابطہ نے  نائجیریا کے شمال مشرق میں  فوج پر حملے کی بھی شدید مذمت کی ہے جس میں درجنوں فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔
رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل اور مسلم  علماء کونسل کے چیئرمین عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی  کی طرف سے جاری بیان میں کہاگیاہے کہ دہشت گردی کی ان کاروائیوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مزید تیزی آئے گی۔
ڈاکٹر محمد العیسی نے   دہشت گردی کی لعنت کا مقابلہ اور اسے جڑ سے ختم کرنے کے لئے عسکری میدان کے ساتھ ساتھ نظریاتی محاذ پر شکست کی اہمیت پر زوردیا ہے۔
آپ نے نشاندہی کرتے ہوئے کہاکہ دہشت گردی منحرف نظریات پر مبنی ایک سوچ ہے جو پھیلتی رہتی ہے اور اس کی مکمل شکست  اس کے گمراہ نظریات کو واشگاف کرکے  ان کے شبہات کو زائل کرنے میں مضمر ہے۔
رابطہ کے بیان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں  اسلامی فوجی اتحاد   کے اہم کردار کو سراہا گیا  جس کے زیر سایہ  اکتالیس اسلامی ممالک  سمیت دیگر اہم ممالک اس کے فعال رکن ہیں۔آپ نے اس اتحاد کے چار اہم نکات کی تعریف کرتے ہوئے کہا اس اتحاد کا  مقصد  فوجی،نظریاتی  اور ذرائع ابلاغ  کے میدان میں دہشت گردی کا مقابلہ  اور مؤثر قانون سازی اور ممالک کے درمیان باہمی تعاون کے ساتھ سخت اقدامات کے ذریعے دہشت گردں کی مالی معاونت کو روکناہے۔بیان میں داعش کے خلاف اسلامی فوجی اتحاد کی  اہم کوششوں کو بھی  سراہا گیا ہے۔
رابطہ کے بیان میں مزید کہاگیا ہے کہ دہشت گرد اپنے خلاف کوششوں سے  خود پر زمین کو تنگ محسوس کرتے ہوئے  ان مجرمانہ کاروائیوں سے اپنے وجود کو اجاگر کرنے کی ناکام  کوشش کرتے ہیں۔

Saturday, 28 March 2020 - 01:59