رابطہ عالم اسلامی نے قابض اسرائیلی حکومت کی افواج کی جانب سے سعودی مرکز برائے ثقافت و ورثہ کے ایک گودام کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی ہے، جو مشرقی رفح میں واقع ہے۔

 

مکہ مکرمہ

رابطہ عالم اسلامی نے قابض اسرائیلی حکومت کی افواج کی جانب سے سعودی مرکز برائے ثقافت و ورثہ کے ایک گودام کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی ہے، جو مشرقی رفح میں واقع ہے۔ اس حملے کے نتیجے میں گودام مکمل طور پر تباہ ہو گیا، جس میں مریضوں اور زخمیوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے طبی سامان موجود تھا۔اسی طرح، قابض اسرائیلی افواج نے غزہ میں دار الارقم اسکول کو بھی نشانہ بنایا، جو کہ بے گھر افراد کے لیے پناہ گاہ کے طور پر استعمال ہو رہا تھا، جس کے نتیجے میں درجنوں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔
رابطہ کے جنرل سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں، سیکرٹری جنرل رابطہ اور  چیئرمین مسلم علماء کونسل، عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی نے ان مسلسل ہونے والے ہولناک جرائم کی شدید مذمت کی، جو قابض اسرائیلی حکومت کی جانب سے نہتے شہریوں اور شہری تنصیبات کے خلاف بلا روک ٹوک جاری ہیں، جو کہ بین الاقوامی اور انسانی قوانین اور روایات کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
ڈاکٹر العیسی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، ان مجرمانہ خلاف ورزیوں کے سدباب کے لیے بین الاقوامی میکانزم کو فعال کرے اور ان کے مرتکبین کو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔
 

Friday, 4 April 2025 - 17:35