رابطہ عالم اسلامی نے انتہائی سخت الفاظ میں مسجد اقصیٰ کی مسلسل بے حرمتی پر مبنی اسرائیلی حکومت کے حملوں کی مذمت کی ہے

بیان
مکہ مکرمہ

رابطہ عالم اسلامی نے انتہائی سخت الفاظ میں مسجد اقصیٰ کی مسلسل بے حرمتی پر مبنی اسرائیلی حکومت کے حملوں کی مذمت کی ہے، جن میں حالیہ واقعہ اسرائیلی وزیر برائے قومی سلامتی کا مسجد اقصیٰ میں داخل ہونا اور وہاں سے نمازیوں کو پولیس کی مدد سے زبردستی نکالنا شامل ہے۔
اسی طرح، رابطہ نے غزہ کے شمالی علاقے "جبالیا" میں اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی (اونروا) کے زیر انتظام ایک کلینک پر اسرائیلی قابض افواج کے حملے کی بھی شدید مذمت کی۔
رابطہ کے جنرل سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں، سیکرٹری جنرل رابطہ  اور چیئرمین مسلم علماء کونسل، عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی نے ان جرائم کی سخت مذمت کی، جو نہتے شہریوں، مقدس مقامات اور فلسطینی علاقوں میں موجود بین الاقوامی اور امدادی تنظیموں کے خلاف مسلسل سرزد ہو رہے ہیں۔ یہ کارروائیاں بین الاقوامی اور انسانی قوانین اور روایات کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
مزید برآں، انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے ان مجرمانہ خلاف ورزیوں کے سدباب کے لیے فوری اقدامات کرے، بین الاقوامی قانونی میکانزم کو فعال بنائے، اور ان جرائم میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔

Wednesday, 2 April 2025 - 19:55