عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد العیسی نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر پہنچے، جہاں انہوں نے اسلامی اقوام کی نمائندگی کرتے ہوئے "عالمی یوم انسداد اسلاموفوبیا" کی مناسبت سے ہونے والی تقریب میں مرکزی خطاب پیش کیا
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر کی باضابطہ دعوت پر، مرکزی خطاب کے لیے خصوصی شرکت: سیکرٹری جنرل #رابطہ_عالم_اسلامی، چیئرمین مسلم علماء کونسل، عزت مآب شیخ ڈاکٹر #محمد_العیسی آج نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر پہنچے، جہاں انہوں نے اسلامی اقوام کی نمائندگی کرتے ہوئے "عالمی یوم انسداد اسلاموفوبیا" کی مناسبت سے ہونے والی تقریب میں مرکزی خطاب پیش کیا۔ یہ اقوام متحدہ کی تاریخ میں اپنی نوعیت کی پہلی تقریب تھی، جو جنرل اسمبلی کی جانب سے "اسلاموفوبیا کے خلاف بین الاقوامی دن" کے باضابطہ اعلان کے بعد منعقد ہوئی۔ اس موقع پر صدر جنرل اسمبلی، جناب فیلیمون یانگ سے عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد العیسی کی دوطرفہ ملاقات بھی ہوئی، جس میں صدر جنرل اسمبلی نے اس تاریخی تقریب میں ان کی شرکت اور مرکزی خطاب کو باعثِ افتخار قرار دیا۔ رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل کو اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں منعقدہ اپنی نوعیت کی پہلی تقریب میں باضابطہ شرکت اور مرکزی خطاب کی دعوت دیا جانا، رابطہ کے بین الاقوامی اثر ورسوخ اور اس کے عالمی وقار و احترام کی واضح دلیل ہے۔ یہ دعوت اس بات کا بھی اعتراف ہے کہ رابطہ عالم اسلامی نے اسلاموفوبیا اور عمومی طور پر نفرت انگیز بیانیوں کے خلاف ایک مؤثر اور مستقل حکمتِ عملی اپنائی ہے، جسے بین الاقوامی طور پر قابل تحسین سمجھا جاتاہے۔ بعد ازاں، اقوام متحدہ کے رکن ممالک کے وفود نے اپنے حکومتی اداروں کی طرف سے نفرت کے خلاف عمومی طور پر اور اسلاموفوبیا کے انسداد میں خصوصی طور پر کیے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی۔