خادم حرمین شریفین کی سرپرستی میں ”اسلامی مذاہب کے درمیان پلوں کی تعمیر“کی دوسری عالمی کانفرنس کل مکہ مکرمہ میں منعقد ہوگی
مکہ مکرمہ: خادم حرمین شریفین، شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود (حفظہ اللہ)کی خصوصی سرپرستی میں ”اسلامی مذاہب کے درمیان پلوں کی تعمیر “ کی دوسری عالمی کانفرنس کل بروز جمعرات، مکہ مکرمہ میں منعقد ہوگی۔ رابطہ عالم اسلامی کے زیر اہتمام اس کانفرنس میں 90 سے زائد ممالک کے نامور علمائے کرام اور مفتیان عظام مختلف مسالک اور مکاتبِ فکر کی نمائندگی کرتے ہوئے شرکت کریں گے۔ یہ کانفرنس، جو ”ایک مؤثر اسلامی اتحاد کی جانب“ کے عنوان سے منعقد ہو رہی ہے، اسلامی وحدت کے فروغ کی جانب ایک اور اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔ اس میں محض رسمی مکالمات سے آگے بڑھ کر، ”اسلامی مکاتب فکر کے درمیان پل قائم کرنے کے چارٹر“ کے تحت جاری کردہ دستاویز پر عملدرآمد کے لیے عملی پروگرام وضع کرنے اور مشترکہ چیلنجز و خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے موقف میں ہم آہنگی پیدا کرنے پر توجہ مرکوز ہوگی۔ اس كانفرنس کے دوران ایک منظم طریقہِ کار وضع کیا جائے گا جو اعتدال پسندی کے فروغ، فرقہ واریت کے بیانئے کو مسترد کرنے اور اس کے اثرات کے خاتمے کے لئے عملی اقدامات پر مشتمل ہوگا ۔ واضح رہے کہ ”اسلامی مذاہب کے درمیان پلوں کی تعمیر“ کانفرنس کے پہلے ایڈیشن اور اس کی جامع دستاویز نے اسلام کی حکمت اور وسعت کو واضح کیا تھا اور مختلف مسالک و مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والی اسلامی اعتدال پسند قوتوں کے درمیان عملی میدان میں ہم آہنگی اور تعاون کی بنیاد رکھی تھی،تاکہ مسلمانوں کی بھلائی اور ان کی خدمت کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ، اس کانفرنس نے انتہا پسندی اور شدت پسندی کے ان رجحانات کے خلاف عملی اقدامات کی راہ ہموار کی ، جو اسلام کی اصل تصویر کو مسخ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔اس تسلسل کو آگے بڑھاتے ہوئے، اس سال امت کے نامور علمائے کرام ایک مشترکہ نصب العین پر متحد ہو کر آگے بڑھیں گے، ایک ایسی سوچ کے ساتھ جس کی جڑیں مضبوط اور بنیاد مستحکم ہو، اور جو آفاق کی وسعتوں کو چھونے کی صلاحیت رکھتی ہو۔یہ اجتماع کعبہ کی آغوش میں علم و حکمت کے چراغوں کو یکجا کرے گا، تاکہ ماضی کے خدشات کو پسِ پشت ڈال کر، اسلامی اخوت اور اس کے عظیم اخلاقی اصولوں کے تحت باہمی تعاون اور یکجہتی کے نئے دروازے کھولے جا سکیں۔ رابطہ عالم اسلامی نے، ان تمام علماء کی جانب سے جو دنیا بھر سے اس مقدس سرزمین پر اس کانفرنس میں شرکت کے لیے جمع ہوئے ہیں، خادم حرمین شریفین، شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، اور ان کے ولی عہد، وزیر اعظم، شہزادہ محمد بن سلمان (حفظہما الله)کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے،جنہوں نے اسلام اور مسلمانوں کی خدمت، ان کے اتحاد کو مضبوط بنانے اور ان کی سربلندی کے لیے بیش بہا خدمات انجام دی ہیں۔