گزشتہ رمضان المبارک کی سات تاریخ کو مکہ مکرمہ کی مقدس سرزمین سے، خانہ کعبہ کے سائے تلے "اسلامی مکاتبِ فکر کے درمیان پل قائم کرنے" کے عنوان سے ایک تاریخی دستاویز جاری کی گئی
گزشتہ رمضان المبارک کی سات تاریخ کو مکہ مکرمہ کی مقدس سرزمین سے، خانہ کعبہ کے سائے تلے "اسلامی مکاتبِ فکر کے درمیان پل قائم کرنے" کے عنوان سے ایک تاریخی دستاویز جاری کی گئی۔ اس تاريخی کانفرنس کی سرپرستی خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود (حفظہ اللہ) نے فرمائی، جس میں امتِ مسلمہ کے مختلف مكاتب فكر سے تعلق رکھنے والے نامور علمائے کرام اور مفتیان عظام نے شرکت کی۔ یہ دستاویز، جسے اسلامی ممالک نے اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں سراہا، وسیع اسلامی مشترکات کے دائرے میں بھائی چارے، باہمی مفاہمت اور تعاون کو فروغ دینے کے اہم اصولوں پر مشتمل ہے۔ اس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ اس کانفرنس کے آئندہ اجلاسوں کے ذریعے تمام اسلامی مکاتب فکر کے درمیان مسلسل مکالمہ جاری رکھا جائے۔ اسی تناظر میں، خادم حرمین شریفین (اللہ انہیں اجرِ عظیم عطا فرمائے) کی سرپرستی میں آئندہ رمضان المبارک کی چھ اور سات تاریخ کو کانفرنس کے دوسرے ایڈیشن کی میزبانی کی جا رہی ہے، تاکہ "ایک مؤثر اسلامی اتحاد کی جانب" کے نعرے کے تحت اس کے بنیادی مقاصد کے حصول کے لیے کوششیں جاری رکھی جا سکیں۔