خادم حرمین شریفین کی سرپرستی میں
مکہ مکرمہ میں ”اسلامی مذاہب کے درمیان پلوں کی تعمیر“ کانفرنس کا دوسرا ایڈیشن
مکہ مکرمہ:
خادم حرمین شریفین، شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، حفظہ اللہ، کی سرپرستی میں قبلۂ اسلام کے جوار سے اسلامی وحدت کے سب سے بڑے اجتماع کا دوسرا ایڈیشن شروع ہونے جا رہا ہے۔ مکہ مکرمہ آئندہ رمضان المبارک کی 6 اور 7 تاریخ کو بین الاقوامی کانفرنس ”اسلامی مذاہب کے درمیان پلوں کی تعمیر“ کے دوسرے ایڈیشن کی میزبانی کرے گا، جس کا انعقاد رابطہ عالم اسلامی کے زیر اہتمام ہو رہا ہے۔ اس کانفرنس میں دنیا بھر سے نامور علمائے کرام، مفتیان عظام، مفکرین، ہیئۃ کبار العلماء، فقہی مجالس اور مختلف مکاتب فکر و مسالک کے نمائندے شرکت کریں گے۔
یہ کانفرنس اسلامی تنوع کے درمیان تعمیری مکالمے کے لیے ایک جامع پلیٹ فارم ہوگا، جس میں امت مسلمہ کے اجتماعی مفادات کے لیے مؤقف، کوششوں اور وسائل کو مربوط کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ، غیر مفید مسلکی مباحثات سے گریز پر بھی زور دیا جائے گا، جو امت میں اختلاف اور تفرقے کا باعث بنے ہیں، جبکہ فقہی و مسلکی شناخت کے وجود کے حق کے احترام پر بھی زور دیا جائے گا۔
اس دوسرے ایڈیشن میں ان اہم اسلامی مسائل پر توجہ دی جائے گی جن میں اجتماعی دینی کوششوں کی ضرورت ہے، جن میں سرفہرست فلسطین کا مسئلہ، شام کی تازہ ترین صورتِ حال، مسلم اقلیتوں کے مسائل، اسلامی مکالمے کی تازہ پیش رفت، بین المذاہب مکالمے کی پیش رفت کا جائزہ اور دیگر اہم اسلامی امور شامل ہیں، تاکہ ان مسائل پر علماء کے متفقہ فیصلے سامنے لائے جا سکیں۔
یہ کانفرنس اسلامی اخوت کے اقدار کو ٹھوس اور عملی اقدامات کے ذریعے مستحکم کرنے کی ذمہ داری اٹھائے ہوئے ہے۔ اس کا یہ ایڈیشن اسلامی مکاتب فکر کے درمیان پل قائم کرنے کے چارٹر میں پیش کردہ اصولوں کو عملی سرگرمیوں میں ڈھالنے کی جانب ایک مؤثر قدم ہوگا۔ مزید برآں، اس میں کئی اہم اور فوری نوعیت کے مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا، خاص طور پر بین المسالک اسلامی مکالمے کے استحکام پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
کانفرنس کے دوران ”اسلامی فکری ہم آہنگی کا انسائیکلوپیڈیا“ بھی متعارف کرایا جائے گا، جسے مملکت سعودی عرب میں قائم فکری تحفظ مرکز نے تیار کیا ہے۔ ”اسلامی مکاتب فکر کے درمیان پل قائم کرنے کے چارٹر“ کے علماء نے اس مرکز کو یہ انسائیکلوپیڈیا تیار کرنے کا ذمہ سونپا تھا، جس میں 60 سے زائد علمائے کرام اور مفکرین کی آرا شامل ہیں۔ توقع کی جا رہی ہے کہ یہ انسائیکلوپیڈیا اسلامی مشترکات کو مربوط کرنے کے لئے ایک فکری روڈ میپ کے طور پر کام کرے گی۔ اس کے علاوہ، ”اسلامی مکاتب فکر کے درمیان پل قائم کرنے کے چارٹر“ کے لیے حکمت عملی اور اس کے نفاذ کے منصوبے کا بھی اجراء ہوگا، جو کئی اہم عملی اقدامات اور منصوبوں پر مشتمل ہوگا۔