آج پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں رابطہ عالم اسلامی کی میزبانی اور اقدام کے تحت عالمی کانفرنس:”مسلم معاشروں میں لڑکیوں کی تعلیم: چیلنجز اور مواقع“ کا آغاز ہو رہا ہے۔ یہ کانفرنس رابطہ کی اسلامی شعور کو بیدار کرنے اور اپنی بنیادی اہداف کے تحت عملی پروگرامز کو متحرک کرنے کی ذمہ داری کا حصہ ہے۔
کانفرنس کا افتتاح وزیرِاعظم پاکستان جناب محمد شہباز شریف کی سرپرستی اور شرکت سے ہورہاہے، جبکہ ان کے ہمراہ حکومتی اراکین اور کئی پارلیمانی شخصیات بھی شریک ہوں گی۔
رابطہ عالم اسلامی، اس کانفرنس کے بنیادی محرک اور مرکزی منتظم کی حیثیت سے، اس میں شریک ہے، جس کی نمائندگی اس کے معزز سیکرٹری جنرل اور چیئرمین مسلم علماء کونسل، عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد العیسی کر رہے ہیں۔
اس کے علاوہ، اسلامی تعاون تنظیم (OIC) بھی اس کانفرنس میں بطور معاون شریک ہے، جس کی نمائندگی معزز سیکرٹری جنرل جناب حسین ابراہیم طہ کر رہے ہیں۔
کانفرنس میں دنیا بھر کے کئی اہم اور مؤثر شخصیات اور ادارے بھی شریک ہیں، جن میں مسلم دنیا کے مفتیانِ کرام، مختلف علماء کونسلز کے اراکین، رابطہ عالم اسلامی کی زیرِ نگرانی کام کرنے والی اسلامی فقہی اكیڈمی، اور اسلامی تعاون تنظیم کے تحت بین الاقوامی اسلامی فقہی اکیڈمی کے اراکین شامل ہیں۔
مزید برآں، تعلیم اور اعلیٰ تعلیم کے شعبے کے اہم عہدیداران اور اسلامی یونیورسٹیوں کی رابطہ تنظیم کے سربراہان اور سیکرٹریز بھی اس کانفرنس میں شریک ہوں گے۔
یہ کانفرنس مسلم معاشروں میں لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے شعور اجاگر کرنے پر مرکوز ہے، اور اس حوالے سے متعدد اہم موضوعات، مشترکہ پروگرامز، اور معاون معاہدوں پر غور کیا جائے گا۔
کانفرنس کا پیغام اور اس کے مقاصد نہ صرف مسلم ممالک بلکہ عالمی سطح پر مسلم کمیونٹیز، انفرادی سطح پر افراد، اور سرکاری و غیر سرکاری اداروں تک پہنچانے کی کوشش کی جائے گی۔
کانفرنس کے اختتام پر ” اعلان اسلام آباد برائے مسلم معاشروں میں لڑکیوں کی تعلیم“ جاری کیا جائے گا، جسے حکومتی اور غیر حکومتی، ملکی اور بین الاقوامی تنظیموں کو پیش کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ یہ تجویز دی جائے گی کہ اس کانفرنس کے اہم نتائج کی مناسبت سے ایک عالمی دن مقرر کیا جائے۔
#لڑکیوں_کی_تعلیم_کے_لئے_اقدام