رابطہ عالم اسلامی نے غزہ شہر کے مغرب میں ایک اسکول پر اسرائیلی قابض حکومت کی بمباری کی شدید مذمت کی ہے، جو بے گھر افراد کی پناہ گاہ تھی، اور جس کے نتیجے میں پوری رہائشی عمارتیں تباہ ہو گئیں۔ اس حملے میں 15 افراد شہید ہوئے

مکہ مکرمہ

رابطہ عالم اسلامی نے غزہ شہر کے مغرب میں ایک اسکول پر اسرائیلی قابض حکومت کی بمباری کی شدید مذمت کی ہے، جو بے گھر افراد کی پناہ گاہ تھی، اور جس کے نتیجے میں پوری رہائشی عمارتیں تباہ ہو گئیں۔ اس حملے میں 15 افراد شہید ہوئے، جبکہ متعدد دیگر افراد زخمی یا ملبے تلے دب گئے، جن میں زیادہ تر بچے اور خواتین شامل ہیں۔

رابطہ کے جنرل سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں سیکرٹری جنرل رابطہ  اور چیئرمین مسلم علماء کونسل عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی نے ان جاری رہنے والے ہولناک جرائم کی شدید مذمت کی، جو شہریوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنا رہے ہیں، اور جو بین الاقوامی اور انسانی قوانین اور اقدار کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

ڈاکٹر العیسی نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری فوری طور پر اس قتل عام کو روکنے کے لیے اقدام کرے، جو اسرائیلی حکومت کی جنگی مشین کی جانب سے مسلسل جاری ہے، اور معصوم شہریوں کے خلاف ان جرائم کا سد باب کیا جائے۔

Saturday, 21 September 2024 - 21:41