فلسطینی ریاست کے حصول کے لئے سعودی عرب اور ناروے کی کوششوں کا خیر مقدم

مکہ مکرمہ:
رابطہ عالم اسلامی نے بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں مملکت سعودی عرب اور ناروے کی مشترکہ صدارت میں وزارتی اجلاس کے انعقاد کا خیرمقدم کیا ہے۔ مملکت کی جانب سے نمائندگی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود اور ناروے  کی جانب سے وزیر خارجہ اسپین بارتھ ایڈے نے کی ۔ یورپی یونین کے تعاون سے منعقدہ اس اجلاس  کا مقصد  مقبوضہ فلسطینی علاقوں  میں دو ریاستی حل کے نفاذ کے لئے کوششوں کو فروغ دینا تھا۔
رابطہ کے جنرل سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں سیکرٹری جنرل رابطہ اور چیئرمین مسلم علماء کونسل عزت  مآب شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی نے فلسطینی عوام کے مسائل کے خاتمے اور ان کے جائز حقوق اور آزاد ریاست کے قیام تک رسائی کو یقینی بنانے کے لئے بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے مملکت سعودی عرب کی انتھک کوششوں کو سراہا۔ ڈاکٹر العیسی نے اجلاس کی مندرجات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے  کہاکہ دو ریاستی حل کے تناظر میں فلسطینی ریاست کے قیام کے لئے ٹھوس اقدامات اور ایک  ایسے منصفانہ  ، پائیدار اور جامع حل تک پہنچنے کے لئے سیاسی راہ اختیار کرنے پر  تبادلۂ خیال، فلسطینی عوام کے جائز حقوق کے حصول اور خطے اور دنیا میں امن واستحکام کے قیام میں مثبت کردار ادا کرے گا۔
ڈاکٹر العیسی نے اجلاس کی اہمیت پر زور دیا جس میں فوری جنگ بندی ، غزہ میں جنگ کے خاتمے، مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں تمام غیر قانونی  اقدامات اور خلاف ورزیوں بشمول رفح کراسنگ کے کنٹرول اور  انسانی بحران کی شدت کو روکنے کے لئے  مناسب اور محفوظ طریقے سے امدادی سامان پہنچانے کی ضرورت پر بین الاقوامی کوششوں کی حمایت  کی گئی ۔

Monday, 27 May 2024 - 13:54