ڈنمارک کی پارلیمنٹ کے مذہبی مقدسات کی اہانت کے خلاف فیصلے سے متعلق بیان

بيان
مکہ مکرمہ:

رابطہ عالم اسلامی نے قرآن  کریم  کے نسخوں کے نذر آتش کرنے کے گھناؤنے جرائم کے تناظر میں  ڈنمارک کی پارلیمنٹ کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے  جس میں مسلمہ مذہبی برادریوں   کے مقدس کتابوں کے ساتھ ناروا سلوک پر پابندی عائد کرتے ہوئے ا س کے مرتکب کو سزادینے کا اعلان کیا گیاہے۔
رابطہ کے جنرل سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں سیکرٹری جنرل رابطہ اور چیئرمین مسلم علماء کونسل عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی نےکہاہے کہ مذہبی مقدسات کی اہانت  اور مؤمنین کے جذبات کی اشتعال انگیزی کوروکنے کے لئے یہ لائق تحسین اقدام ہے۔
ڈاکٹر العیسی نے  اس بات پر زور دیا کہ ڈنمارک کی پارلیمنٹ کا  فیصلہ اظہار  رائے کی آزادی کے  درست اور مہذب تصورات کو تقویت دیتے ہوئے ان رکاوٹوں کو دور کرنے میں معاون ثابت ہوگا  جو قومی معاشروں میں ہم آہنگی  کو متاثر کرتی ہیں۔
ڈاکٹر العیسی نے کہاکہ ڈنمارک کے عوام کے نمائندوں کا یہ فیصلہ تناؤ کے دور میں ایک بہتر تبدیلی کا  اشارہ اور درست  سمت میں ایک  قدم ہے اور آج ہمیں اس طرح کی دانشمندی کی ضرورت ہے تاکہ تنازعات اور تہذیبی تصادم کے  نعروں کے  مقابلے میں اقوام کےدرمیان دوستی اور تعاون کو مضبوط بنایاجاسکے۔

Friday, 8 December 2023 - 06:15