گورنر مدینہ منورہ اور ریجن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین شہزادہ فیصل بن سلمان بن عبد العزیز نے رابطہ عالم اسلامی کے زیر انتظام عجائب گھر جسے مدینہ منورہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا تعاون حاصل ہے،اس عالمی میوزیم کے پیغام اور مقاصد کو سراہاہے۔یہ منصوبہ زائرین اور مقامی افراد کے تجربے میں اضافہ اور ان کے لئے جاذب تہذیبی مقامات ایجاد کرنے کے مملکت کے وژن کا ایک حصہ ہے۔
گورنر مدینہ منورہ نے عجائب گھرکے ہیڈ کوارٹر کے افتتاح کے موقع پر نمائش میں جدید ٹیکنالوجی اور میوزیم ہالز کے معیار کی تعریف کی۔رابطہ عالم اسلامی کی چھتری تلے مختلف ملکوں کے دار الحکومتوں میں اسلامی عجائب گھروں کو لانچ کرنے کی سیریز کا یہ پہلا مرکز ہے۔
شہزادہ فیصل بن سلمان نے کہاہے کہ نمائش اور میوزیم میں رکھی ہوئی چیزیں تاریخی ورثہ ہیں،جو پوری دنیا میں منہج نبوی اور معطر سیرت طیبہ کے پھیلنے کا ذریعہ اور دین اسلام کی رواداری اور وسطیت کا ترجمان ہوگا۔
میوزیم کے افتتاحی تقریب میں رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل،چیئرمین مسلم علماء کونسل عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی ، مسجد حرام کے امام وخطیب عزت مآب شیخ ڈاکٹر صالح بن عبد اللہ بن حمید، مسجد نبوی کے متعدد ائمہ کرام، مدینہ منورہ ریجن کے میئر اور ریجن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو عزت مآب انجینئر فہد بن محمد البلیہشی نے شرکت کی۔
گورنر مدینہ منورہ شہزادہ فیصل بن سلمان نے مسجد نبوی کے قریب واقع جدید میوزیم میں منعقدہ افتتاحی تقریب کے بعدمیوزیم کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور عجائب گھر میں پیش کی جانے والی تمام خدمات کی تفصیلات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔یہ عجائب گھر زائرین اور مقامی افراد کے لئے مربوط علمی اور تکنیکی انداز میں قائم ایک جدید علمی اور عالمی پلیٹ فارم ہے جوجامع ، جديد اور دقیق ڈسپلے کے ذریعے اسلام کےپیغام اور اس کے روادار اصول ، اور دین کی جمالیات کو ایک مہذب انسانی عقیدےکے طورپر پیش کرتاہے۔
شہزادہ فیصل بن سلمان نے میوزیم میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی مکی اور مدنی زندگی سے متعلق متعدد پویلین کا جائزہ لیا۔ انہوں نے جملہ انبیاء کرام کو متعارف کروانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، میثاق مدینہ منورہ اور میثاق مکہ مکرمہ کو پیش کرنے اورقرآن وسنت کی خدمت کے لئے مملکت سعودی عرب کی کوششوں کو نمایاں کرنے کے لئے جدید طریقوں کا معائنہ بھی کیا۔
25 مرکزی پویلین پر مشتمل یہ نمائش قرآن کریم،سیرت طیبہ اور روشن اسلامی تاریخ کے تناظر میں انصاف، امن ،رحمت،رواداری اور اعتدال پر مشتمل اسلامی پیغام کو پیش کرتی ہیں۔اس نمائش کو 350 تربیتی اور تدریسی طریقوں سے پیش کیا گیا ہے۔نمائش میں عظمتِ اسلام اور غیر مسلموں کے حقوق کے تحفظ پر 150 ادلہ اور اس کے ساتھ عہد نبوی کے 500 سے زائد نمونے بھی رکھے گئے ہیں۔
اس موقع پر رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل اور مسلم علماء کونسل کے چیئرمین عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی نے اس جدید عالی شان ثقافتی تعمیر کی معاونت پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے جو خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز آل سعود اور ان کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبد العزیز حفظہما اللہ کی سربراہی میں مملکت سعودی عرب کے وژن کے ایک اہم مقصد کی ترجمانی ہے۔ڈاکٹر العیسی نے کہاہے کہ یہ عجائب گھر سیرت طیبہ اور اسلامی تمدن کے ان عجائب گھروں کا بنیادی اور مرکزی صدر مقام ہے جنہیں رابطہ عالم اسلامی متعدد اسلامی اور غیر اسلامی ممالک میں قائم کرنے کے لئے کوشاں ہے اور رابطہ کی طرف سے اسلام اور مسلمانوں کی خدمت کے لئے کی جانی والی کوششوں میں اس منصوبے کو بے حد اہمیت حاصل ہے۔
ڈاکٹر محمد العیسی نے بتایا ہے کہ اس نمائش کو عالم اسلام کے متعدد ممتاز علمائے کرام نے سراہا ہے جن میں مملکت سعودی عرب کے ہیئۃ کبار العلماء کے ممبران سرِ فہرست ہیں۔انہوں نے میوزیم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاہے کہ میوزیم نےسیرت طیبہ اور اسلامی تمدن پر روشنی اور میثاق مدینہ منورہ میں ان ثقافتی اقدار کو اجاگرکیا ہے جنہوں نے اخوت اور انسانی بقائے باہمی کے مفہوم کو مستحکم کیا ہے۔انہوں نے اسلامی معاشرے کے اندر اور اس سے باہر آگہی کے فروغ کے لئے اس طرز کے عجائب گھروں کے قیام میں اپنا مرکزی کردار اداکرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے جس کا آغاز اعتدال پسندی اور اسلامی قیادت کو اپنے آغوش میں لینے والی مملکت سعودی عرب کے شہر مدینہ منورہ میں صدر مقام سے ہوا ہے۔