رابطہ عالم اسلامی اور اسلامی تعاون تنظیم کے درمیان انتہاپسندی کے سدّ باب، مکالمہ اور بقائے باہمی روایات کے لئے باہمی تعاون کے سمجھوتے پر دستخط

رابطہ عالم اسلامی اور اسلامی تعاون تنظیم کے درمیان انتہاپسندی کے سدّ باب، مکالمہ اور بقائے باہمی روایات کے لئے باہمی تعاون کے سمجھوتے پر دستخط

مختلف کلچر، تہذیب اور مذاہب کے پیروکاروں کے دانشور اور ماہرین تعلیم کے ساتھ ملاقاتوں کے اہتمام پر اتفاق

 اسلامی امور، تعلیمی، ثقافتی، رفاہی اور امدادی شعبوں میں تعاون کا سمجھوتہ

مکہ مکرمہ:

رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی اور اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل عزت مآب ڈاکٹر یوسف بن احمد العثیمین نے  رابطہ اور تنظیم کے درمیان قانونی فریم ورک اور آپریشنل میکانزم کے ساتھ مشترکہ دلچسپی کے امور میں کوششوں کو مربوط اور مشترکہ پالیسی کوآرڈینیشن میں تعاون کے لئے  مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کئے۔

مفاہمتی یاد داشت ان دلچسپی کے امور شعبوں کو شامل ہے جن کے لئے جانبین کوشاں ہیں۔جن میں  سرِفہرست انتہاپسندی،  شدت پسندی اور اسلام فوبیا کا  مقابلہ،  مکالمہ اور بقائے باہمی روایات کی حمایت اور وسطیت ،رواداری اور دوسروں کی تہذیب کے احترام پر مبنی حقیقی اسلامی اقدار کو متعارف کرانا شامل ہے۔

ياد داشت  میں مذکور 10 نکات  میں کوآرڈینیشن  اور تعاون کے شعبوں اور ان کے طریقۂ کار کی وضاحت کے ساتھ ان منصوبہ جات کی پیروی اور آپریشنل پروگرام کے لئے ایک مشترکہ کمیٹی کا قیام بھی شامل ہے۔

معاہدے میں مفاہمت اور تعاون کے شعبوں کی وضاحت کی گئی ہے جو کہ یہ ہیں: اسلامی اقدار اور اصولوں کی تعریف، وسطیت اور اعتدال کا فروغ، شدت پسندی، انتہاپسندی اور اسلام فوبیا کا مقابلہ، متشدد انتہاپسندی ،دہشت گردی، نظریاتی انحراف اور معاصر انسانی مسائل سے متعلق تصورِ اسلام کی وضاحت۔

یاد داشت میں اسلامی امور، تعلیمی، ثقافتی، رفاہی اور امدادی شعبوں میں تعاون  شامل ہے، اس کے علاوہ بین الاقوامی فورمز پر امت مسلمہ سے متعلقہ مسائل کے لئے جانبین کی کاوشوں کو مربوط کرنا  اور تجربات، معلومات اور مطبوعات کا تبادلہ بھی یاد داشت کا حصہ ہے ۔

 معاہدے میں معاصر اسلامی حقائق ، مسائل اور ان کے حلول کے لئے تراجم، مطالعہ اور تحقیق  میں تعاون بھی شامل ہے، اسی طرح  مختلف شعبوں میں ترقی کے امور، دہشت گردی، انتہاپسندی،  اسلام سے نفرت کا سدّ باب اور وسطیت اور رواداری کے فروغ میں بھی تعاون شامل ہے۔

ياد  داشت  میں جانبین نےاسلام اور مسلمانوں سے متعلقہ مسائل، حقیقی اسلامی روایات  کو اجاگر کرنےاور انسانی معاشرے میں اعتدال پسند  اور پرامن بقائے باہمی اقدار کے فروغ کے لئے  کتب اور علمی رسائل کے اشاعت  میں تعاون پر بھی اتفاق کیا ہے۔

فریقین نے عربی زبان کی خدمت اور ان معاشروں میں جو غیر عرب ہیں خصوصاً مسلم اقلیات میں عربی زبان پر توجہ دینے پر بھی اتفاق کیا ہے ۔

طرفین نے مکالمہ اور بقائے باہمی کے لئے تعاون پر تبادلہ خیال کرنے اور اسلام اور اس  کی عالمگیر انسانی اقدار کی حقیقی تصویر کو کا اجاگر کرنے کے لئے  مختلف کلچر،تہذیب اور مذاہب کے پیروکاروں کے دانشور اور ماہرین تعلیم کےدرمیان ملاقاتوں کے اہتمام پر بھی اتفاق کیا  ہے۔

 

رابطہ عالم اسلامی اور اسلامی تعاون تنظیم کے درمیان انتہاپسندی کے سدّ باب، مکالمہ اور بقائے باہمی روایات کے لئے باہمی تعاون کے سمجھوتے پر دستخط
Monday, 7 September 2020 - 14:23