انسانی اسمگلنگ کا رجحان انسانیت کے لئے سنگین خطرہ بن گیا ہے-ڈاکٹر العیسی

رابطہ عالم اسلامی ایک ہمہ گیر  اسلامی،  عالمی اور عوامی تنظیم  کے طور پر علاقائی اور بین الاقوامی حیثیت کی حامل ہے،اسے متعدد بین الاقوامی تنظیموں کی رکنیت حاصل ہے، اور  وہ دنیا بھر میں موجود آباد ایک ارب اسی کروڑ مسلمانوں  کی نمائندہ تنظیم ہے، رابطہ اپنی اس اہم  حیثیت کی وجہ سے  انسانی اسمگلنگ کے عالمی دن کے موقع پر    اس خطرناک رجحان کے پھیلاؤ  اور اس کے علاقائی اور بین الاقوامی   اثرات  کا  بغور جائزہ  لے رہی ہے، اور اس رجحان  پر قابو پانے کے لئے عالمی برادری کے ساتھ ہر ممکن تعاون میں دلچسپی رکھتی ہے ۔اور یہ دلچسپی  متعدد  بین الاقوامی کانفرنسز ، پلیٹ فارمز میں فعال شرکت ، اور مختلف حکومتی  ،بین الاقوامی ادارہ جات اور انسانی تنظیموں کے ساتھ  شراکت داری اور معاہدات  کی صورت میں   عیاں ہے۔

رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمدبن عبد الکریم العیسی نے اس موقع پر  کہاکہ  انسانی اسمگلنگ کا  رجحان انسانیت کے لئے سنگین خطرہ بن گیا ہے اور  اور آج   اس نے منظم جرم کی صورت میں انسانی معاشرے  کے لئے غلامی کی ایک نئی شکل اختیار کی ہے ۔ آج   جب انسانی تہذیب اپنی ترقی اور خوش حالی کے عروج پر ہے یہ رجحان    انسانی حقوق اور اس کی عظمت  کا استحصال اور اس کی بنیادی آزادی کی صریح خلاف ورزی ہے۔

ڈاکٹر العیسی نے مزید کہاکہ   ہر زمانے میں انسان کے لئے  سب سے زیادہ ضروری چیز اس کی عزت کی حفاظت  اور بہتر زندگی بسر کرنے کے مواقع  میسر ہونا ہے۔ اسی لئے جائز حقوق ، آزادی کا تحفظ اور انسانی خاندان کے درمیان امن وہم آہنگی کے قوانین وضع کئے گئے ہیں مگر افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ   آج  انسان زبردست علمی  اور تیز رفتار  ٹیکنالوجی   کی ترقی کے باوجود  معاشی دباؤ کا شکار ہے  اور   اسے  کسی اخلاقی پرواہ کے بغیر ایک  سامان کی  حیثیت دی گئی ہے   اور  دنیا میں انسانی اسمگلنگ کی صورت میں غلامی کی نئی صورت ظہور پذیر ہورہی ہے۔درحقیقت  یہ انسان اور اس کے حالات کا  غیر قانونی استحصال ہے اور اس کے حقوق کی صریح خلاف وزری  ہے اور سفاک گروہوں کی طرف سے  ایک مجرمانہ  عمل ہے جس میں متاثرین کو جبر، غلامی اور  نامعلوم  دنیا میں دھکیلنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

ڈاکٹر العیسی نے مزید کہاکہ انسانی اسمگلنگ بین الاقوامی جرم   ہے جس میں  ملکی سرحدوں کو عبور کیا جاتاہے  اور یہ دورِ جدید میں غلامی کی ایک نئی صورت اختیار کرتی جارہی ہے  جوکہ انسانی   احترام اور کرامت کی صریح خلاف وزری ہے، اور اس رجحان نے  اقوام متحدہ کو  مجبور کیا کہ اسے  سنگین جرم قراردے اور اس کی  اہمیت کے لئے   مستقل عالمی دن  کا انتخاب کیا گیا ہے جو کہ 30  جولائی  کا دن ہے تاکہ اس کے خطرات کے بارے میں آگہی  بڑھائی جائے اور اس  جال میں پھنسنے سے  لوگوں کو باخبر کیا جائے ۔

Friday, 31 July 2020 - 18:24