اسلام آباد میں وزیراعظم پاکستان کی سرپرستی میں رابطہ عالم اسلامی کی جانب سے مسلم معاشروں میں بچیوں کی تعلیم کے لئےبین الاقوامی اقدام کا آغاز
ہم رابطہ عالم اسلامی کے تعلیم کے مسئلے سے گہری وابستگی اور اس اہم اقدام کی قیادت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔شہباز شریف
یہ اقدام محض ایک ”عارضی نعرہ“، ”معمولی اعلان“ یا ”محض ایک موقف کا اظہار“ نہیں ہوگا، بلکہ یہ لڑکیوں کی تعلیم کے حق میں ایک انقلابی اور مؤثر پیش رفت ثابت ہوگا۔ڈاکٹر العیسی
اسلامی تعاون تنظیم لڑکیوں کی تعلیم کے لئےاس اقدام کی حمایت کرنے اور اسے کامیاب بنانے کے لئےتیار ہے۔ طہ
اسلام آباد
پاکستان کے وزیرِاعظم عزت مآب محمد شہباز شریف کی سرپرستی اور شرکت میں، آج ہفتے کے روز اسلام آباد سے رابطہ عالم اسلامی نے اپنے سیکرٹری جنرل اور مسلم علماء کونسل کے صدر، عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی کی قیادت میں مسلم معاشروں میں لڑکیوں کی تعلیم کے لئےاپنا بین الاقوامی اقدام شروع کیا۔ اس اہم اقدام کی میزبانی اور سرپرستی حکومتِ پاکستان کر رہی ہے۔
رابطہ عالم اسلامی کے تحت مسلم معاشروں میں لڑکیوں کی تعلیم کے لئےاقدام کے آغاز کی کانفرنس میں اسلامی تعاون تنظیم (OIC) نے بطورِ ”حامی“ اور اس کے پروگرامز کے شراکت دار کے طور پر شرکت کی، جس کی نمائندگی سیکرٹری جنرل عزت مآب حسین ابراہیم طہ نے کی۔ اس کے ساتھ متعدد اہم شخصیات اور متعلقہ و مؤثر ادارے بھی کانفرنس کا حصہ بنے، جن میں اسلامی دنیا کے جید علمائے کرام و مفتیانِ عظام، فقہی مجالس کے اراکین، رابطہ عالم اسلامی کی اسلامی فقہ اکیڈمی اور اسلامی تعاون تنظیم کی بین الاقوامی اسلامی فقہ اکیڈمی کے نمائندگان اور کئی اہم تعلیمی و اعلیٰ تعلیمی اداروں کے اعلیٰ عہدیداران اور رابطہ جامعات اسلامیہ کی قیادت و سیکرٹریٹ شامل تھے۔
یہ اقدام مسلم معاشروں میں لڑکیوں کی تعلیم کے بارے میں شعور اجاگر کرنے پر مرکوز ہے۔ اس میں کئی پروگرام، مشترکہ منصوبے، اور معاونتی معاہدے شامل ہیں۔ اور اس کا مقصد اسے دنیا بھر کے تمام مسلم معاشروں کے افراد اور اداروں تک پہنچانا ہے۔
کانفرنس میں ”اعلان اسلام آباد برائےمسلم معاشروں میں لڑکیوں کی تعلیم “ شامل ہے، جو کانفرنس کے شرکاء کی جانب سے جاری کیا جائے گا اور بین الاقوامی حکومتی و غیر حکومتی تنظیموں، عوامی اور نجی اداروں کو پیش کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ، اس اعلامیے میں لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کے لئےایک عالمی دن مخصوص کرنے کی تجویز بھی شامل ہوگی۔
مزید برآں، اس اقدام میں بین الاقوامی شراکت داری کا پلیٹ فارم قائم کرنے کا منصوبہ بھی شامل ہے، جس کے تحت مختلف قومی، علاقائی، اور عالمی تنظیموں کے درمیان متعدد معاہدات پر دستخط کیے جائیں گے، جو خواتین کو بااختیار بنانے، لڑکیوں کے تعلیمی حق کی حمایت، اور اس حوالے سے عملی اقدامات کے آغاز پر مبنی ہوں گے۔
ڈاکٹر العیسی نے واضح کیا کہ یہ اقدام، ان شاء اللہ، ایک ”مؤثر“ اور ”ٹھوس نتائج دینے والا“ اقدام ہوگا، جس کی بنیاد ان اہم معاہدوں پر ہوگی جن پر دستخط کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک ”عارضی نعرہ“، ”معمولی اعلان“ یا ”محض ایک موقف کا اظہار“ نہیں ہوگا، بلکہ یہ لڑکیوں کی تعلیم کے حق میں ایک انقلابی تبدیلی ثابت ہوگا، جو ہر محروم لڑکی کے لئےخوشی اور ہر اس معاشرے کے لئےمسرت کا باعث بنے گا جو اپنے بیٹوں اور بیٹیوں، دونوں کا یکساں طور پر محتاج ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اعلانِ اسلام آباد اس اقدام کو ایک مضبوط اور مؤثر عزم کے ساتھ دستاویزی شکل دے گا، جس میں اس کے دینی اور منطقی پہلوؤں کو جامع اور ہمہ گیر انداز میں شامل کیا جائے گا۔
وزیر اعظم پاکستان عزت مآب جناب محمد شہباز شریف نے رابطہ عالم اسلامی کے تعلیم کے حوالے سے مضبوط عزم اور اس اہم اقدام کی قیادت پر گہری خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ لڑکیوں کے لئےمساوی تعلیمی مواقع کی فراہمی آج کے دور کے سب سے اہم اور فوری حل طلب چیلنجز میں سے ایک ہے۔
اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل، عزت مآب حسین ابراہیم طہ نے اس بات کی تصدیق کی کہ تنظیم لڑکیوں کی تعلیم کے اقدام کی حمایت اور اسے کامیاب بنانے میں بھرپور حصہ لینے کے لئےتیار ہے، تاکہ اس کے ثمرات پورے عالمِ اسلام کی لڑکیوں تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے رابطہ عالم اسلامی اور اس کے سیکرٹری جنرل، شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی کی دنیا بھر کے مسلم معاشروں اور ان کے مسائل کی خدمت کے لئےکی جانے والی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
حسین ابراہیم طہ نے زور دے کر کہا کہ لڑکیوں کی تعلیم ایک حق اور ضروری تقاضا ہے تاکہ ترقی کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ دینِ اسلام نے بلا کسی تفریق کے سب کے لئےتعلیم کے حصول کی تاکید کی ہے، اور یہ بھی واضح کیا کہ خواتین کو بااختیار بنانا اسلامی تعاون تنظیم کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
وفاقی وزیر برائے تعلیم وسائنس اینڈ ٹیکنالوجی، عزت مآب ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آج کا دن خواتین کو تعلیم کے ذریعے بااختیار بنانے کے لئےایک مشترکہ وژن کا مظہر ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ تعلیم کوئی مراعت نہیں بلکہ ایک بنیادی حق ہے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ اسلام تعلیم کو ہر فرد کا حق قرار دیتا ہے، لیکن اصل مسئلہ دین کی غلط تشریح کاہے، اور یہی چیلنج ہے جس کا سامنا کرنے کے لئےہم آج یہاں جمع ہوئے ہیں۔
اس موقع پر افواج پاکستان کی پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل، ڈاکٹر نگار جوہر خان نے لڑکیوں کی تعلیم کے ذاتی تجربات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ خواتین کی تعلیم ان کے مختلف سطحوں پر فیصلہ سازی کے کردار کو مضبوط بناتی ہے اور یہ کہ ان کا کردار معاشی ترقی کو آگے بڑھانے میں اہم ہے۔
انہوں نے مزيد کہاکہ خواتین کی تعلیم کو قومی پالیسیوں کی اولین ترجیحات میں شامل کیا جائے، جس میں اس مقصد کے لئےمالی وسائل اور بجٹ میں اضافہ کیا جانا ضروری ہے۔
کانفرنس کے دوران علماء کی نشست اور وزارتی سطح کا اجلاس منعقد ہوگا جس میں مختلف ممالک کے وزرائے تعلیم اور دیگر عہدیداران نے شریک ہونگے۔ اس کے علاوہ ، کئی علمی نشستیں، ورکشاپس، اور مباحثے بھی منعقد کیے جائیں گے۔ ان مباحثوں میں درج ذیل موضوعات زیر بحث آئیں گے: اسلام میں تعلیم نسواں(شرعی نصوص،فقہی فتاوی اور علمائے کرام کی آراء). ۔مسلم معاشروں میں تعلیم نسواں(ماضی اور حال سے روشن نمونے) ۔ تعلیم نسواں سے متعلق فکری شکوک وشبہات کا جائزہ اور ان کارد۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور تعلیم نسواں: مواقع اور امکانات۔ خواتین کو بااختیار بنانا اور ان کا تمدنی کردار۔
کانفرنس سے مرکزی خطاب محترمہ ملالہ یوسف زئی کریں گی ، جو لڑکیوں کی تعلیم کے میدان میں ایک سرگرم کارکن اور نوبل انعام برائے امن کی حامل ہیں۔
توقع کی جارہی ہے کہ کانفرنس کے اختتام پر ”اعلان اسلام آباد برائے مسلم معاشروں میں لڑکیوں کی تعلیم“ کے نام سے اعلامیہ کا اجراء اور اس کی توثیق کی جائے گی۔
Sunday, 12 January 2025 - 13:05